ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بنگلورو میں میٹرو ریل مسافروں کی تعداد میں اضافہ کے پیش نظر، ٹرین خدمات کے اوقات میں تبدیلی کیلئے بی ایم آر سی ایل کا فیصلہ

بنگلورو میں میٹرو ریل مسافروں کی تعداد میں اضافہ کے پیش نظر، ٹرین خدمات کے اوقات میں تبدیلی کیلئے بی ایم آر سی ایل کا فیصلہ

Wed, 21 Oct 2020 11:47:29    S.O. News Service

بنگلورو،21؍اکتوبر(ایس او نیوز) بنگلور میٹرو ریل کارپوریشن لمٹیڈ(بی ایم آر سی ایل) نے کورونا وائرس کے سلسلے میں لاک ڈاؤن کے بعد7ستمبر سے شہر میں میٹرو ریل خدمات شروع کی تھی۔ شروعات میں کم تعداد کے بعد مسافروں کی تعداد میں لگا تار اضافہ ہورہا ہے۔ اس کے مد نظر بی ایم آر سی ایل نے میٹرو ریل خدمات کے اوقات میں رد وبدل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

فی الحال سرکاری احکامات کے مطابق کورونا وائرس سے متعلق احتیاطی اقدامات اور تدابیر کے ساتھ صبح7بجے سے رات9بجے تک میٹرو ریل دوڑائی جارہی ہے۔

بی ایم آر سی ایل کے چیف پبلک ریلیشن آفیسر یشونت چوہان نے بتایا کہ میٹرو ریل خدمات دوبارہ شروع ہونے کے بعد شروعات میں روزانہ صرف4ہزار مسافر میٹرو ریل میں سفر کررہے تھے۔ رفتہ رفتہ یہ تعداد بڑھ کر روزانہ 55ہزار تک پہنچ گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مسافروں کی تعداد کے حساب سے ٹرینوں کے ٹائم ٹیبل میں بدلاؤ کیا جارہا ہے۔ بی ایم آر سی ایل نے 22/ اکتوبر سے الگ الگ دنوں میں مسافروں کی تعداد کے حساب سے ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

چوہان نے بتایا کہ 22/ اکتوبرپیر سے جمعہ اور دوسرے اور چوتھے سنیچر کو صبح9بجے سے 10بجے تک اور شام 5.30بجے سے 6.30بجے تک ہر پانچ منٹ میں میٹرو ریل دوڑائی جائیں گی۔ اس طرح صبح8بجے سے 9بجے، 10بجے سے 11بجے تک، شام 4.30بجے سے 5.30بجے تک اور شام 6.30بجے سے 8بجے تک ہر6منٹ پر ریل دوڑائی جائے گی۔

اس کے علاوہ اتوار، دوسرے اور چوتھے سنیچر کو ہر12منٹ پر ٹرین دوڑائی جائے گی۔ انہوں نے بتایاکہ مسافروں کی تعداد کے حساب سے ٹرینوں کے شیڈول میں تبدیلی بھی کی جاسکتی ہے۔


Share: